اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد کیس میں پولیس کو بازیاب کرائے گئے شخص ذیشان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے اور دیگر لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ پولیس نے بازیاب کرائے گئے شخص ذیشان کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے دیگر لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا۔ ذیشان نے عدالت میں بیان دیا کہ اغواء کاروں نے
دو کروڑ روپے تاوان وصول کرنے کے بعد رہا کیا۔ اغواء کاروں نے میرے گھر سے 55 لاکھ روپے بھی لوٹے۔ ذیشان کی والدہ نے عدالت میں بیان دیا کہ اب بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ عدالت نے پولیس کو ذیشان کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ ذیشان کی گمشدگی سے متعلق اس کے بھائی نے درخواست دائر کررکھی تھی۔ کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 23جولائی تک ملتوی کردی۔