ممبئی (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان نے اپنے کیرئیر میں ایک سے بڑھ کر ایک فلموں میں کام کیا ہے، تاہم اداکارہ کا کہنا ہے کہ وہ کبھی اپنی فلمیں نہیں دیکھتیں۔اپنے ایک انٹرویو میں کرینہ کپور نے اپنے کیرئیر سے متعلق کئی دلچسپ باتوں کا تذکرہ کیا۔کرینہ کا کہنا تھا ’میں کبھی اپنے آپ کو اسکرین پر نہیں دیکھ پاتی، میری والدہ اور بہن میری فلمیں دیکھ کر بتاتی ہیں کہ وہ کیسی تھیں، میں نے اپنی کامیابی کو کبھی سنجیدگی سے نہیں لیا، اور میں آج بھی بلکل نئی اداکارہ کی طرح برتاؤ کرتی ہوں۔بولی وڈ میں ’کبھی خوشی کبھی غم‘، ’جب وی میٹ‘، ’تھری ایڈیٹس‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ جیسی کامیاب فلموں میں کام کرنے والی کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ انہیں فلموں میں سب سے مشکل ان کی تشہیر کرنا لگتی ہے۔کرینہ کا کہنا تھا ’میں لگاتار 40 گھنٹوں تک شوٹنگ کر سکتی ہوں، لیکن جہاں بات پروموشنز کی آتی ہے وہ کام میرے لیے بے حد مشکل ہوتا ہے، اور آج کل فلموں کو بہت بڑے پیمانے پر پروموٹ کیا جاتا ہے جس کے لیے بہت ہمت کی ضرورت ہوتی ہے۔کرینہ کا مزید کہنا تھا ’میں اپنی فلموں میں بے حد محنت کرتی ہوں، پھر چاہے لوگ ان کے بارے میں کچھ بھی کہیں، گزرتے وقت کے ساتھ میں نے کامیابی کا مطلب سمجھا ہے، اور آخر میں آپ کے ساتھ صرف آپ کا اچھا کام رہ جاتا ہے۔کرینہ کپور خان اس وقت اپنی فلم ’کی اینڈ کا‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔آر بالکی کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں کرینہ کے ہمراہ ارجن کپور مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔رواں سال یکم اپریل کو ریلیز ہونے والی اس فلم میں ارجن کپور ایک گھریلو شوہر جبکہ کرینہ کپور خان ایک کاروباری خاتون کا کردار ادا کررہی ہیں۔