ممبئی (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن کا کہنا ہے کہ وہ آج اپنے جگر کے صرف 25 فیصد حصہ پر زندہ ہیں اور ہیپاٹائٹس بی جیسے وائرس کی بیماری کے باعث جگر کا 75 فیصد حصہ کھو چکے ہیں۔بھارتی اخبار کے مطابق ہیپاٹائٹس جیسی بیماری کے حوالے سے ایک مہم کے دوران امیتابھ بچن نے اپنی بیماری کا انکشاف کیا۔امیتابھ بچن کا کہنا تھا ’مجھے اتفاقی طور پر ہیپاٹائٹس بی ہوا، فلم ’قلی‘ کے سیٹ پر میرے ساتھ حادثہ پیش آنے کے بعد مجھے 200 لوگوں نے خون دیا اور میرے جسم میں خون کی 60 بوتلیں چڑھائی گئیں۔ اس دوران مجھے خون دینے والے ایک شخص کو ہیپاٹائٹس بی تھا جس کے باعث یہ بیماری مجھ میں منتقل ہوگئی۔ اس حادثے کے تقریباً 18 سال بعد ڈاکٹرز سے اپنے عام چیک آپ کے دوران مجھ پر یہ انکشاف ہوا کہ میں اپنے جگر کا 75 فیصد حصہ کھو چکا ہوں اور صرف 25 فیصد پر زندہ ہوں۔امیتابھ کا کہنا تھا کہ بری بات یہ ہے کہ وہ اپنا 75 فیصد جگر کھو چکے ہیں لیکن اچھی بات یہ ہے کہ وہ اس حالت میں لوگوں کے آگے زندہ کھڑے ہیں۔امیتابھ بچن اس وقت فلم ’وزیر‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ہمراہ فرحان اختر اہم کردار میں نظر آئیں گے۔