ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ دیپکا پڈوکون کا کہنا ہے کہ رنبیر کپور بہترین اداکار ہیں اور ان کے ساتھ ایک بار پھر کام کرنا ان کے لیے ایک خواب تھا۔ انڈین اخبار کے مطابق دیپکا کا کہنا تھا کہ ان کی آنے والی فلم ’تماشا‘ ان کے لیے بہت خاص ہے کیوں کہ وہ اس فلم میں رنبیر کپور اور امتیاز علی کے ہمراہ کام کر رہی ہیں۔ دیپکا کے مطابق رنبیر کپور کے ساتھ ایک مرتبہ پھر کام کرنا ان کے لیے خواب جیسا ہے۔ دیپکا نے بتایا کہ ’میں نے رنبیر کے ساتھ ‘بچنا اے حسینوں’ اور ‘یہ جوانی ہے دیوانی’ میں کام کیا ہے، میں نے امتیاز کے ساتھ ‘لو آج کل’ میں کام کیا ہے، رنبیر اور امتیاز نے ایک ساتھ فلم ‘راک اسٹار’ میں کام کیا ہے تو ہم سب پہلی بار ایک ساتھ اس فلم میں کام کر رہے ہیں اور اس ہی لیے یہ میرے لیے بہت خاص ہے‘۔ رنبیر کی ناکام ہونے فلم کے حوالے سے دیپکا کا کہنا تھا کہ وہ ایک بہترین اداکار ہیں اور ہر کسی کے کیریئر میں اچھے برے لمحات آتے رہتے ہیں۔ امتیاز علی کی ہدایت میں بننے والی فلم ’تماشا‘ 25 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔