اسلام آباد(نیوز ڈیسک)عالمی شہرت یافتہ قوال امجد فرید صابری نے کہا ہے کہ قوالی” بھردو جھولی میری “ کا تنازع اب حل ہونے کے قریب ہے ،اس کی قانونی کارروائی کی اب ضرورت نہیں ،دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات بہتر کرنے میں فنکار پل کا کام انجام دے رہے ہیں۔ اس عمل کو سبوتاژ نہیں کرنا چاہتا،بھارتی اداکار سلمان خان سے بات چیت ہوچکی ہے انہوں نے میرا موقف تسلیم کرلیا ، بہت جلد وہ قوالی کیلئے پیشگی اجازت نہ لینے پر معذرت کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد غلام فرید صابری مرحوم نے اپنی زندگی میں ہی قوالیوں کے تمام قانونی رائٹس مجھے دے دیئے تھے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ معروف گلوکار عاطف اسلم نے بھی میرے والد کی مقبول ترین قوالی ”تاجدار حرم “ گانے کی مجھ سے اجازت مانگی جو میں نے خوش دلی سے دے دی۔