ممبئی (نیوز ڈیسک) سلمان خان کے ”ہٹ اینڈ رن“ کیس میں استغاثہ نے کہا ہے کہ سلمان خان اور اس کے ساتھ دیگر افراد زخمیوں کی مدد کرنے کی بجائے حادثہ کی جگہ سے غائب ہوگئے تھے۔ استغاثہ پردیپ گہرات نے یہ بات دو گواہوں کے حوالے سے ایڈیشنل سیشن جج سے پہلے حتمی دلائل کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کو مجرم ثابت کرنے کےلئے اس واقعہ کے وقت اپنائے گئے ان کے رویے کا تجزیہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے گواہوں کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے واضح ہوتا ہے کہ اداکار حادثے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثہ کی جگہ پر ایک تنگ موڑ بھی تھا جس کی وجہ سے انہیں اس بات کا احساس نہیں ہوا کیونکہ وہ الکوحل کے زیراثر تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سلمان خان نے کہا تھا کہ وہ اس رات گاڑی نہیں چلا رہے تھے اورنہ ہی انہوں نے شراب پی رکھی تھی۔ واضح رہے کہ 2002ءمیں پیش آنے والے سلمان خان کے ہٹ اینڈ رن کیس کے دوبارہ ٹرائل جج دیش پانڈے کررہے ہیں۔