اسلام آباد (نیوز ڈیسک )موسیقی کی دنیا میں نئے انداز متعارف کرانے والی پاکستانی پاپ گلوکار نازیہ حسن اگر آج زندہ ہوتیں تو اپنی 50ویں سالگرہ منا رہی ہوتیں۔مشرقی اور مغربی موسیقی کے امتزاج سے گیت گانے والی نازیہ حسن کی آج 50ویں سالگرہ منائی جار ہی ہے۔ ٹیلی وڑن پروگرام ”سنگ سنگ چلے“ سے موسیقی کی شروعات کرنے والی نازیہ حسن اور ان کے بھائی زوہیب حسن کو پاکستان میں پاپ موسیقی کا بانی کہا جاتا ہے جنہوں نے 80 کی دہائی میں بھارتی فلم ”قربانی“ میں ”آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے“ گا کر گلوکاری کی دنیا میں دھوم مچائی جس سے انہیں بے پناہ شہرت ملی، نازیہ حسن کو ان کی فنی خدمات پرصدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا جب کہ انہیں پرائڈ آف پرفارمنس، بیسٹ فی میل پلے بیک ایوارڈ اور 15 گولڈ ڈسکس سمیت متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی نازیہ حسن پھیپھڑوں کے سرطان کے موذی مرض میں مبتلا ہوکر لندن کے ہسپتال میں 13 اگست 2000 کو خالق حقیقی سے جاملیں۔