اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی ویب سائیٹ فیس بک نے رواں برس اپریل میں اعلان کیا تھا کہ میسنجر میں جلد ‘ان سینڈ’ فیچر متعارف کیا جائے گا۔ تاہم کمپنی نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں تھیں۔ کمپنی نے ان سینڈ فیچر کو متعارف کرائے جانے کا اعلان کرتے ہوئے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ میسنجر میں طویل عرصے تک رہنے والے پرانے میسیجز بھی کمپنی ڈیلیٹ کر رہی ہیں۔
کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ جلد ہی میسنجر میں بھیجے گئے پیغام کو واپس بلانے جیسا فیچر جلد ہی متعارف کرایا جائے گا۔ تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ فیس بک نے میسنجر میں اس فیچر کو متعارف کرانے کے لیے آزمائشی کام شروع کردیا۔ ہانگ کانگ کی ٹیکنالوجی صحافی اور لکھاری جین مینچنگ وونگ نے اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے انکشاف کیا کہ فیس بک نے میسنجر میں ‘ان سینڈ’ فیچر کی آزمائش کا کام شروع کردیا۔ انہوں نے میسنجر میں ‘ان سینڈ’ اور ‘ڈیلیٹ’ کے فیچر متعارف کرائے جانے کی آزمائش کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں میسنجر میں ان دونوں فیچرز کو دیکھا جاسکتا ہے۔ اس فیچر کے تحت صارف اپنے اس پیغام کو واپس بلا سکیں گے، جو وہ کسی کو بھیج چکے ہوں گے، تاہم اس حوالے سے کمپنی نے مزید تفصیل ظاہر نہیں کی۔ دوسری جانب فیس بک کے ترجمان نے نشریاتی ادارے ‘ٹیک کرنچ’ سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ کمپنی نے ‘ان سینڈ’ فیچر کی محدود آزمائش کا کام شروع کردیا۔ ترجمان کے مطابق اس فیچر کی آزمائش کے لیے محدود ممالک کے صارفین کو سہولت فراہم کی گئی ہے اور جلد ہی اس فیچر کو متعارف کرایا جائے گا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ کمپنی اس فیچر کو باقاعدہ طور پر کب تک متعارف کرائے گی، تاہم امکان ہے کہ رواں برس کے آخر تک اسے متعارف کرایا جائے گا۔