کراچی(این این آئی)ایک تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دن میں لگنے والی چوٹ یا زخم تیزی سے بھر جاتے ہیں۔ماہرین کے مطابق دن کے اوقات میں لگنے والے زخم رات کو لگنے والے زخموں کے مقابلے میں جلدی بھر جاتے ہیں۔تحقیق کے مطابق رات کو لگنے والے زخم بھرنے میں اوسطا 28روز لگتے ہیں جبکہ دن کے وقت لگنے والے زخم صرف 17 روز میں ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق ایسا ہوسکتا ہے
کہ انسانی جسم میں موجود خلیے(سیلز)میں موجود زخم بھرنے کی قوت دن میں لگنے والی چوٹ یا زخم کو بھرنے میں زیادہ معاون ثابت ہوتی ہے بہ نسبت رات میں آنے والے زخموں کے۔ اس تحقیق پر بہت سے طبی ماہرین کی جانب سے تنقید بھی دیکھنے میں آئی ہے۔برطانیہ میں مولیکیولر بائیولوجی کی ایم آر سی لیبارٹری میں کی گئی تحقیق کے مطابق جھلسے ہوئے 118 مریضوں کے مشاہدے میں سامنے آنے والے نتائج میں پائے جانے والے فرق پر سائنسدان حیران رہ گئے۔اس کیلئے جلے ہوئے 118 مریضوں پر تحقیق کی گئی۔تحقیقاتی ٹیم کو رات اور دن کے وقت زخمی ہونے والے افراد کے زخم بھرنے میں اوسط 11 روز کے فرق معلوم ہوا۔