اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایپل کی جانب سے آئی فون سکس سی تیار کرنے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ایک چینی ویب سائٹ نے آئی فون سکس سی کے ہارڈ ویئر کے حوالے سے تفصیلات ظاہر کی ہیں جو ایپل کی جانب سے آئی فون فائیو سی کی جگہ سامنے لایا جارہا ہے۔آئی فون سکس سی اے نائن پروسیسر، سولہ جی بی اسٹوریج، ٹچ آئی ڈی اور ٹو جی بی ریم کے ساتھ ہوگا اور اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فون آئی فون سکس ایس جتنا ہی طاقتور ہوگا۔اس کے علاوہ ایپل کی جانب سے اس آئی فون کے لیے 1642 ایم اے یاچ بیٹری تیار کی جائے گی جبکہ آئی فون سکس ایس کے لیے 1715 ایم اے ایچ بیٹری تیار کی گئی تھی۔اطلاعات ہیں کہ چھوٹے اسکرین سائز کے ساتھ یہ آئی فون اپریل میں متعارف کرایا جاسکتا ہے تاہم ابھی اس حوالے سے یقینی طور پر کچھ کہنا ممکن نہیں۔آئی فون سکس سی مختلف رنگوں کے میٹل کیس کے ساتھ دستیاب ہوگا اور سب سے اہم بات اس کی قیمت کافی کم ہوگی۔یہ فون ایپل کے پلاسٹک کے فائیو سی اسمارٹ فون کے متبادل کے طور پر تیار کیا جارہا ہے۔ابھی تک اس کی قیمت کے حوالے سے بھی تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں.خیال رہے کہ ایپل کی جانب سے اپنا مرکزی آئی فون کا نیا ماڈل ستمبر کے مہینے میں متعارف کرایا جاتا ہے تاہم گزشتہ چند برسوں کے دوران چھوٹی اسکرین کے سستے ماڈلز بھی ترقی پذیر ممالک کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے ہیں۔اس سے پہلے آئی فون فائیو سی کو پیش کیا گیا تھا تاہم وہ زیادہ مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔