لاہور (مانیٹرنگ +آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو 70 ارکان صوبائی و قومی اسمبلی کی حمایت حاصل ہونے کا انکشاف، میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کے ہم خیال گروپ نے وزیراعظم سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کا آغاز کر دیا ہے، اس مشاورت میں بجٹ اجلاس میں حصہ نہ لینے کا معاملہ بھی شامل ہے، میڈیا ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین کی جانب سے آئندہ کچھ دنوں میں پاور شو کیا جائے گا، انہیں ستر قومی و صوبائی اراکین اسمبلی کی حمایت
حاصل ہو گئی ہے اور یہ تعداد مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے گروپ میں شامل پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی نعمان لنگڑیال نے بدھ کے روز وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی۔ ایوان وزیراعلیٰ میں ہونے والی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ نعمان لنگڑیال کا شمار پارٹی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔