اسلام آباد(آن لائن) تحریک انصاف کے سینئر رہنما وزیر اعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے بیک ڈور ابطے کرانے میں کامیاب ہوگئے ،وزیر اعظم عمران خان نے پہلے مرحلے میں فوری طور پر پارٹی رہنمائوں کو جہانگیر ترین کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ،ذرائع نے
بتایا کہ جہانگیر ترین اور عمران خان کے قریبی رفقاء نے دونوں رہنمائوں کے رابطے کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور مشورہ دیا ہے کہ صلح کی طرف بڑھا جائے ،اختلافات سے حکومت اور پارٹی کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے ،ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ جہانگیر ترین عدالتوں میں اپنا دفاع جاری رکھیں گے تاہم انہیں ضمانت کے طور پر ریلیف دینے کے معاملے پر غور کیا جارہا ہے ،ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے ہم خیال گروپ بھی آئندہ چند دنوں میں وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا، دونوں رہنمائوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کیلئے جہانگیر ترین کو وزیر اعظم سے ملنے کیلئے بنی گالہ جانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔جہانگیر ترین اس مشورے پر کس حد تک عمل کرینگے قریبی ذرائع کےمطابق اس پر سوچ و بچار جاری ہے ، خیال رہے کہ جہانگیر ترین اپنے خلاف مقدمات چلنے کے باوجود کئی مرتبہ میڈیا میں یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ اب بھی تحریک انصاف کا حصہ ہیں ، پارٹی کو نہیں چھوڑا۔