کراچی، اسلام آباد (این این آئی، آن لائن) روسی ایکسین کی مناسب قیمت نہیں لگائی گئی، دو مقامی دوا ساز اداروں نے روسی ویکسین واپس بھجوانے کی دھمکی دے دی۔تفصیلات کے مطابق مقامی دوا ساز کمپنیوں نے عوام کی پہنچ سے کرونا ویکسین بھی دور کرنے کی تیاری کرلی، روسی ویکسین کی قیمت کے تعین میں اختلاف پیدا ہوگیا۔حکام کے مطابق
دو مقامی دوا ساز اداروں کی جانب سے روسی ویکسین واپس بھجوانے کی دھمکی دی گئی ہے۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق حکومتی تجویز کردہ قیمت پر ویکسین کی فراہمی ممکن نہیں، اچھی قیمت نہ ملنے پر ویکسین واپس بھجوانے کا آپشن کھلا ہے۔خیال رہے کہ ڈریپ کی جانب سے روسی ویکسین اسپوتنکV کی 2 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 8 ہزار 449 روپے مقرر کرنے کی سفارش کی تھی، جبکہ 4 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 16 ہزار 560 روپے مقرر کی گئی تھی۔اسپوتنک V کی 10 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 40 ہزار 555 روپے ہوگی، جب کہ 20 خوراک پر مشتمل پیک کی قیمت 81 ہزار 110 روپے ہوگی۔واضح رہے کہ کراچی کی ایک فارما کمپنی نے روسی ساختہ کرونا ویکسین اسپوتنک V کی 50 ہزار ڈوز درآمد کی ہیں، جب کہ ایک ملٹی نیشنل فارما کمپنی چینی ویکسین درآمد کر رہی ہے، چینی کمپنی کی کرونا ویکسین ایک خوراک پر مشتمل ہے۔دوسری جانب ملک بھر میں کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 30
افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 3 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 282 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 98
لاکھ 95 ہزار 515 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 301 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 37 ہزار 042 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 2 لاکھ63 ہزار 664 ،
پنجاب میں 2 لاکھ 02 ہزار 743، خیبر پختونخوا میں 81 ہزار 204، اسلام آباد میں 53 ہزار 136، بلوچستان میں 19 ہزار 374، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 946 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 975 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق
اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد36ہزار 849 ہے۔ جب کہ 2 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 30 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 13 ہزار 965 ہوگئی ہے۔ این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 957 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 86 ہزار 228 ہوگئی ہے۔