اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)و فا قی حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال سے متعلق اہم ایڈوائزری جاری کردی،روزنامہ جنگ میں رانا غلام قادر کی شائع خبر کے مطابق ایڈوائزری میں بعض سرکاری اداروں
کے ملازمین کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے،ملازمین کو حساس معلومات والے وٹس ایپ،فیس بک اور ٹویٹر گروپ فوری چھوڑنے کی سفارش کردی گئی ہے۔ ایڈوئزاری تمام وفاقی وزارتوں،ڈویژن کے سیکریٹریز اورصوبوں کے چیف سیکریٹریز کو بھجوادی گئی ہے۔ایڈوائزری کے مطابق بعض سرکاری اداروں کے ملازمین اہم سرکاری معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں،اہم معلومات شیئر کرنے سے جاری آپریشنز خطرے میں پڑسکتا ہے-اس لئے ملازمین کو سوشل میڈیا فورمز کے استعمال سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔ایڈوائزری میں ملازمین کو حساس معلومات والے وٹس ایپ ،فیس بک ،ٹویٹر گروپ فوری چھوڑنے،حساس معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے گریز،ملازمین کو حساس معلومات والے گروپس بلاک کرنے کیلئے انکی نشاندہی اور ملازمین کو اپنی معلومات محفوظ بنانے کیلئے دوہری تصدیق کا نظام اپنانے کی سفارش کی گئی ہے۔