لاہور( این این آئی)وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز کا نیا مینیجنگ ڈائریکٹر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا اور اس عہدے کے لئے 30مارچ تک درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد یوٹیلٹی اسٹور کے نئے ایم ڈی کی تعیناتی کا باقاعدہ عمل شروع کردیا گیا ہے ، موجودہ ایم ڈی کی دو سالہ مدت اس سال مئی میں پوری ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ایم ڈی کی تعیناتی مسابقتی عمل کے ذریعے کی جائے گی، ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے لیے 30 مارچ تک درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ایم ڈی کے لیے عمر کی بالائی
حد کی شرط 62 سال مقرر کی گئی ہے، تعلیمی قابلیت کے لیے مینجمنٹ یا بزنس ایڈمنسٹریشن میں ماسٹر ڈگری کی شرط رکھی گئی ہے اور ریٹیل، ڈسٹری بیوشن، سپلائی چین میں بطور سینئر لیڈر دس سے 15 سال کا تجربے کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایم ڈی کی تعیناتی تین سال کے لیے کی جائے گی جس میں توسیع بھی ہوسکے گی، حکومت کے پاس ایم ڈی کی مدت میں توسیع کا آپشن موجود ہے۔واضح رہے کہ عمر لودھی کو مئی 2019 میں ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹور تعینات کیا گیا تھا، ان کی بطور ایم ڈی تعیناتی دو سال کے لیے کی گئی تھی۔