لاہور (آن لائن) غیر ملکی بینکوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے لئے گئے قرض کی سود سمیت واپسی کا مطالبہ کردیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے غیر ملکی بینکوں سے لئے گئے قرض کی مد میں 24 ارب روپے کی قسط
بینکوں کو واپس کرنی ہے جبکہ پنجاب حکومت کی سست روی اور قسط کی بروقت ادائیگی نہ کرنے کی وجہ سے حکومت پر غیر ملکی بینکوں نے 7 ارب 19 کروڑ روپے کا سود بھی عائد کر رکھا ہے۔ جس کی وجہ سے پنجاب حکومت کو سود سمیت 31 ارب روپے قرض کی قسط واپس کرنا ہوگی۔ پنجاب حکومت نے جن غیر ملکی بینکوں سے قرض حاصل کر رکھا ہے اور انہیں سود سمیت قرض کی قسط واپس کرنی ہے ان میں ایشیائی ڈویلپمنٹ بینک، آئی ڈی بی، آئی بی آر ڈی، فرانس کے بینک اور علی ٹریڈنگ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ سال مذکورہ بینکوں کو 10 ارب روپے کی قسط کی ادائیگی کرنی تھی جو نہ کی گئی۔ جس سے پنجاب حکومت پر بینکوں نے اربوں روپے کا سود بھی عائد کردیا ہے جبکہ دوسری طرف پنجاب حکومت کے لئے اپنے مالی بحران کی وجہ سے قرض کی واپسی مشکل ہو کر رہ گئی ہے۔