اسلام آباد ( آن لائن ) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی تابش گوہر نے کام میں مداخلت اور اختیارات نہ ہو نے کی وجہ سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو واٹس ایپ پراستعفیٰ بھجوا دیاہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معائون خصوصی
تابش گوہر توانائی کے شعبے میں اہم کردار نہ ملنے پر اپنے عہدہ سے مستعفی ہو گئے ۔ تابش گوہر نے عہدے سے مستعفیٰ ہونے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کام میں خلل پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی تھی جبکہ ان کی شعبے سے متعلق تجاویز پر بھی عملدرآمد نہیں کیا گیا تھا انہوں نے کہاکہ میں نے کئی اجلاسوں میں اپنی رائے دی پر اس پر عملدرآمد آج تک نہیں ہوا جبکہ کام میں بھی وہ آزادی حاصل نہیں تھی جس کے تحت میں کام کرنا چاہتے تھا ۔ ذرائع کے مطابق تابش گوہر آئی پی پیز کو کی گئی اضافی ادائیگیوں کے پیسے واپس کروانا چاہتے تھے وہ چاہتے تھے کہ پہلے پیسے واپس کیے جائیں اس کے بعد دستخط ہونگے انہوں نے آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات میں بھی بہت سخت موقف اپنایا تھا ۔ واضح رہے کہ تابش گوہر کو حال ہی میں وزیراعظم عمرا ن خان نے اپنا معاون خصوصی برائے توانائی مقرر کیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے پر بھی کام کر چکے ہیں۔