لاہور(پ ر ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہاہے کہ پیغمبر اسلام حضرت محمدؐ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے اور دین اسلام انسانی حقوق کا علمبردار ہے۔وزیراعلی عثمان بزدار نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر
اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو یکساں حقوق حاصل ہیں -انسانی حقوق کی پاسداری نہ کرنے والے معاشرے اخلاقی اور سماجی لحاظ سے تباہ ہو جاتے ہیں -انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بسنے والے لوگ اپنے بنیادی حقوق کے لئے برسوں سے جدوجہد کررہے ہیں -مودی سرکار نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں -نہتے کشمیری عوام اپنے بنیادی انسانی حقوق کے لئے ترس رہے ہیں -عالمی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لینا چاہیے- بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی مہذب معاشروں کی پہچان ہے۔انہوں نے کہاکہ شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔پنجاب حکومت نے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں۔جبری مشقت کے خاتمے، مذہبی آزادی اور بلا امتیازانصاف کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں۔آج ہمیں ہر شہری کے انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرناہے۔