پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوا اسمبلی نے سکول بیگز ویٹ لیمیٹیشن بل پاس کرلیا، بل کی منظوری کے بعدبچوں کو بھاری سکول بیگز سے مکمل نجات ملے گی اور سکول بیگ وزن کم ہونے سے بچوں کی بہتر ذہنی اورجسمانی نشونماہوگی۔ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا
کے وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلی تعلیم کامران بنگش کے ہمراہ صوبائی اسمبلی میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ صوبائی وزہر تعلیم شہرام خان نے کہا کہ یہ طلباء کو ریلیف دینے کیلئے پاکستان کی تاریخ کا پہلا قانون ہے جس کااطلاق تمام پبلک اورپرائیویٹ سکولز اور مدرسوں پرہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اس قانون پرعملدرآمد ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرزکرائیں گے جبکہ پرائیویٹ سکولوں میں عملدرآمد بذریعہ پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی ہوگی۔قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں سرکاری سکولوں کے خلاف E&D رولز کے تحت کارروائی ہوگی جبکہ پرائیویٹ سکولوں کو خلاف ورزی کی صورت میں 2 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ اور ایک مہینے کے اندر اندر یہ قانون قابل عمل ہوگا۔