لاہور( این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے پی ڈی ایم کولاہورجلسہ ملتوی کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتیں جلسے جلوس سے نہیں جاتیں تیسری طاقت انہیں گراتی ہے،مریم نواز سیاست کو تصادم کی جانب لے جارہی ہیں لیکن
منصوبہ کامیاب ہوتا نظر نہیں آرہا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے اپوزیشن جماعتوں کے استعفوں کی بھی مخالفت کردی اور کہا کہ استعفے کا ایٹم بم چلانے کا فیصلہ (ن)لیگ اکیلے کیسے کرسکتی ہے؟ مریم نواز تو نوازشریف سے بھی دو قدم آگے نکل گئی ہیں مگرانہیں موقع ملا تو وہ باہر چلی جائیں گی، اگرایساہواتویہ ان کے لئے بڑاریلیف ہوگا اوروالد کیساتھ رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کوسوچنا چاہیے کہ نوازشریف کے بیانیے میں پی ڈی ایم کامفاد نہیں۔(ن) لیگ نے تیسری طاقت کے ساتھ بھی ٹکر لی ہے،جس پارٹی کو زیادہ شوق ہے وہ استعفے جمع کرائے،میری ذاتی رائے میں پیپلز پارٹی کو استعفوں کی حد تک نہیں جانا چاہیے۔