اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )گزشتہ روز ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز زیر قیادت عوامی رابطہ مہم ریلی میں کئی ناخوشگوار واقعات پیش آئے ۔ اس حوالے سے سینئر صحافی طارق متین نے کہا ہے کہ مریم نواز کی ریلی میں مائزہ حمید اور عائشہ علی رجب کیساتھ کارکنان کی طرف سے سلوک انتہائی افسوسناک ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں لیگی خاتون رہنما کارکنان کے
بیچ میں پھنس گئی تھیں جہاں ان کیساتھ غیر اخلاقی حرکات کی گئی ۔مائزہ حمید اور عائشہ علی رجب کو دھکے دیے گئے اور ان کیساتھ کارکنان نے بدتمیزی بھی کی ۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن لیگ کے عوامی رابطہ مہم کی ریلی میں بدنظمی کا ایک اور واقعہ۔ لیگی رہنما مائزہ حمید اورساتھی خاتون کے ساتھ کارکنوں کی بدتمیزی۔نجی ٹی وی کے مطابق ن لیگ کے جلسے میں بدنظمی دیکھنے کو آئی جب جلسہ ختم ہوا تو لیگی رہنما اورایک دوسری خاتون کو کارکنوں نے گھیر لیا اور بدتمیزی کی، جس کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے مائزہ حمید ڈری ، سہمی بار بار کیمرے کی جانب دیکھتی رہیں، ان کے آنسو بھی نکل آئے۔ کافی دیر کے بعد مائزہ حمید اور ساتھی خاتون کو ایک کلینک میں پناہ لینا پڑی۔اس معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ جلسہ بڑا منظم رہا ہے یہ ویڈیو میں دیکھیں گے کہ کس نے خواتین کے ساتھ بدتمیزی کی ہے۔ اگر وہ ہمارے کارکن ہوئے یا کسی دوسری جماعت کے تو ہم ان کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو جان بوجھ کر سکیورٹی نہیں دی جارہی،جب یہ واقعہ پیش آیا تب پولیس بھی وہاں تھی لیکن انہوں نے کوئی ایکشن نہیں لیا۔دوسری جانب معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ جب بغیر اجازت کے ایسے سڑکوں پر سپاٹے کریں گے تو ایسے واقعات تو رونما ہوں گے۔