اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن )کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر جلسہ روکنے کے لیے پانی چھوڑ کے تالاب بنایا جا رہا ہے۔پرویز رشید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لاہور میں 13 دسمبر کو ہونے والا مینار پاکستان پر جلسے کو روکنے کے لیے پانی
چھوڑ کر تالاب بنایا جا رہا ہے، ایک جلسے سے خوفزدہ حکمرانوں کو ڈوبنے کے لیے چلو بھرپانی کافی ہوتا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے کہا ہے کہ مریم نواز کی فرسٹریشن کی وجہ اٰن کے ناکام جلسے ہیں۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوام جانتے ہیں کون ملک مخالفت میں اندھا اور کون ملک کو درست سمت لے جارہا ہے۔شہباز گِل نے کہا کہ کیلبری کوئین میاں ریجیکٹڈ کا بیانیہ لے کر چل رہی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میاں ریجیکٹڈ کا بیانیہ سوائے چند درباریوں کے کوئی قبول نہیں کررہا۔ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ اپوزیشن کا پروپیگنڈا اس بات کی دلیل ہے کہ یہ حکومت کو ناکام کرناچاہتے ہیں۔اْنہوں نے کہا کہ قانون شکنی کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔شہباز گِل نے کہا کہ سیاسی یتیموں کو پی ڈی ایم کے ڈرامے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔