اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ن لیگ کا حکومت کو ٹف ٹائم دینے کافیصلہ، ایک اور رکن صوبائی اسمبلی افتخار حسین چھچھر نے استعفیٰ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق پارٹی پالیسی کے تحت لیگی ارکان اسمبلی نے پارٹی قیادت پر اعتماد اور ان سے ہر حال میں اظہار یکجہتی کے پیش نظر
استعفے دینا شروع کر دیئے ہیں۔ اب پی پی 184 سے منتخب ہونے والے پنجاب اسمبلی کے رکن چودھری افتخار حسین چھچھر نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ایم پی اے چودھری افتخار حسین چھچھر نے اپنا تحریری استعفیٰ اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو دے دیا، مستعفی ہونے والے رکن اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنی نااہلی اور انتقامی کارروائیوں کے ذریعے عوام کا جینا محال کردیا ہے، غریب لوگ غریب تر ہوگئے ہیں۔چودھری افتخار حسین چھچھر نے یہ بھی کہا کہ بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور عوام کے کھانے کیلئے 2وقت کی روٹی سے محروم ہے، عمران حکومت اور ان کے نااہل وزرا نے ملک میں نیب کے ذریعے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا ہے۔ میرا استعفیٰ بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگا ،کارکن حکومت کے خلاف دما دم مست قلندر کرنے کیلئے بیتاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا جلسہ لاہور میں ٹھاٹھیں مارتا سمندر اپنے قائد میاں نواز شریف کی بے
گناہی ثابت کرے گا۔ چودھری افتخار حسین نے کہا کہ سلیکٹڈحکومت گھبراہٹ کا شکار ہوکر اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے، اس کے خاتمے کا وقت آن پہنچا ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل این اے 90 سے لیگی رکن قومی اسمبلی چودھری حامد حمید کی جانب سے استعفیٰ دیا گیا تھا ۔