اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی گاڑی پر لاہوریوں نے پھولوں کیساتھ نوٹوں کی بارش بھی کر دی ۔ پاکستان ڈیمو کریٹ موومنٹ کے جلسے کے سلسلے میں مریم نواز عوامی رابطہ مہم کے تحت ریلی کی قیادت کر رہی ہیں ۔ مریم نواز جہاں جہاں جارہی ہیں وہاں ان کا کارکنوں کی جانب سے زبردست استقبال کیا جارہا ہے ۔
مریم نواز نے گاڑی کے اندرسے باہر کی ایک تصویر ٹویٹر پر شیئر کی اور ساتھ کیپشن لکھی کہ لاہوری صرف پھول نہیں پیسے بھی پھینکتے ہیں ۔ تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی کے سامنے شیشے پر کارکنوں کی جانب سے نوٹ بھی نچھاور کیے گئے ہیں ۔ دوسری جانب ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز لاہوریوں کو جلسے میں شرکت میں دعوت دینے کے لئے میدان میں آگئی ہیں، اس موقع پر مریم نواز نے لاہور میں ریلی کی قیادت کی، کارکنوں کی ایک بڑی تعداد ریلی میں شریک ہوئی، مریم نواز کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں، مریم نواز اس موقع پر خطاب بھی کیا، ریلی کے دوران ایک شخص نے مریم نواز کو ہاتھ لگایا جس پر پاس موجود کارکنان مشتعل ہو گئے اور مذکورہ شخص پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔ نجی ٹی وی چینل جی این این کی رپورٹ کے مطابق مریم نواز کو سٹیج پر پہنچایا جارہا تھا اس دوران کارکنوں کی جانب سے پھولوں کی پتیوں کی بارش بھی جاری تھی کہ اس موقع پر ایک کارکن نے مریم نواز کو ہاتھ لگا دیا، ہاتھ لگانے کی دیر تھی باقی کارکنوں نے اس پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔