کراچی(این این آئی)کراچی اور مضافات میں موسم سرما کی پہلی ہلکی بارش کے بعد رات گئے تک بوندا باندی کا سلسلہ جاری ،بارش نے موسم کو بھی یکسر بدل دیا اور ٹھنڈ نے ڈیرہ جمالیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے کہاہے کہ کراچی سمیت سندھ میں دسمبر میں معمول سے
زائد بارشیں ہوسکتی ہیں اور درجہ حرارت بھی معمول سے کم رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے،بارش کے ساتھ ہی شہرکا بڑاحصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات ہلکی بارش کے بعد بدھ کی صبح میں بھی بوندا باندی اور ٹھنڈی تیز ہوائوں نے موسم سرد کردیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو سے تین روز تیز ہوائیں موسم سر د رکھیں گی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 26اور 27 نومبرکو تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایاشہرمیں ہوائیں 16کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتارسے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی 75فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق کراچی میں آئندہ دو سے تین روز موسم سرد رہنے اور تیز ہوائیں چلنے کاامکان ہے۔مغربی سسٹم کراچی سے ختم ہوگیا ہے،تاہم دسمبر کے پہلے ہفتے میں ایک اور مغربی سسٹم آسکتا ہے۔سندھ سمیت کراچی میں
دسمبر میں معمول سے زاید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ترجمان کے مطابق دو سے تین بارش کے اچھے اسپیل نظرآرہے ہیں۔دسمبر میں معمول سے کم درجہ حرارت جبکہ جنوری میں معمول کا درجہ حرارت رہ سکتاہے۔ گزشتہ رات سے جاری ہلکی بارش کراچی کی فضائوں میں موجود آلودگی
کوکم نہ کرسکی۔ کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں صبح 8بجے تیسرے نمبر پر موجود رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب سے صبح 8بجے تک شہر میں سب سے زیادہ بارش مسرور بیس پر 4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ لانڈھی 3.5، سرجانی 3.4، پہلوان گوٹھ 3.1،
شارع فیصل 3، نارتھ کراچی 2.9 ، کراچی: کیماڑی و گلستانِ جوہر 2.8، جناح ٹرمینل 2.4 اور ناظم آباد میں ایک ملی میٹر ریکارڈ بارش ریکارڈ ہوئی۔دوسری جانب شہر کا بڑا حصہ گزشتہ رات سے ہی بجلی سے محروم ہے، سعید آباد، بلدیہ ، اورنگی ٹان، نارتھ ناظم آباد،نیو کراچی اور سرجانی ٹان میں بجلی گزشتہ 14 گھنٹوں سے غائب ہے۔ کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی تنصیبات کے گرد پانی ہونے کے باعث بجلی معطل ہے، مرمتی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کے عمل میں مصروف ہیں۔