سہون شریف ( آن لائن صوفی بزرگ شاہ عبدالطیف بھٹائی اور لعل شہباز قلندر کی درگاہوں کو زائرین کے لیے کھول دیا گیا ہے۔کورونا وائرس کے باعث درگاہ شاہ عبداللطیف بھٹائی پانچ ماہ سے بند تھی۔ زائرین کو ماسک پہن کر درگاہ میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے اور سماجی فاصلے کا
بھی خیال رکھا جا رہا ہے۔سہون میں بھی پانچ ماہ بعد حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کو زائرین کیلئے کھول دیا گیا ہے اور کورونا ایس او پیزکا خیال رکھا جا رہا ہے۔درگاہ پر 4 واک تھرو سینیٹائیزنگ گیٹ نصب کیے گئے ہیں اور ملک بھر سے زائرین درگاہوں پر آ رہے ہیں۔سندھ حکومت نے قلندر لعل شہباز کے مزار پر آنے والے زائرین کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا جبکہ قلندر لعل شہباز کے مزار پر سیکیورٹی کیلئے بھاری پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ درگاہ قلندر کو کروناوائرس کے باعث 24 مارچ کو زائرین کے لئے بند کیا گیا تھا۔ کورونا کی وبا کافی حد تک کنٹرول ہونے کے بعد محکمہ اوقاف سندھ کے چیف ایڈمنسٹریٹر منورعلی مہیسر نے بتایا کہ درگاہ قلندر لعل شہباز کے مزار کو ایس او پیز کے تحت کھولا گیا ہے۔ واضع رہے کہ قلندر لعل شہباز کا سالانہ عرس مبارک بھی اس سال منعقد نہیں کیا گیا۔