اسلام آباد (این این آئی) ملک بھر میں مزید 4406 کیسز اور 85 اموات سامنے آنے کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 91 ہزار 171 جبکہ اموات 1898 ہوگئیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1353 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 34 ہزار 889 ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ نئے کیسز میں
سے 984 کراچی میں سامنے آئے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ 40 مزید مریض انتقال کرگئے جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان اموات کے بعد سندھ میں مجموعی طور پر جاں بحق مریضوں کی تعداد 615 ہوگئی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت 16 ہزار 487 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 370 کی حالت تشویشناک ہے۔انہوں نے بتایا کہ مزید 1005 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد اب تک شفایاب مریضوں کی تعداد 17 ہزار 787 ہوچکی ہے۔صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 2040 نئے کیسز اور 22 اموت کی تصدیق ہوئی۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے مطابق 2040 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 104 سے بڑھ کر 33 ہزار 144 ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ مزید 22 اموات کے بعد کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 629 ہوگئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس کے پھیلاؤ کی ابتدا میں کافی کم متاثر تھا وہاں اب کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا ۔سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ایک روز میں ریکارڈ 402 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 3 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔نئے اضافے کے بعد اب تک اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3544 سے بڑھ کر 3946 تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 569 نئے کیسز کی تصدیق کی
جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 12459 ہوگئی۔بیان میں وائرس سے مزید 20 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 541 ہوگئی ہے۔جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 5 کی پشاور، 4 کی ایبٹ آباد، نوشہرہ، سوات اور باجوڑ میں 2، 2 جبکہ مردان، صوابی، چارسدہ، بٹگرام اور مالاکنڈ میں ایک، ایک موت واقع ہوئی،ادھر گلگت بلتستان میں بھی
کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا تاہم یومیہ کیسز کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے میں کم رہی۔سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق آج گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے۔مذکورہ اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 824 سے بڑھ کر 852 تک پہنچ گئی،علاوہ ازیں ملک میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والے
علاقے آزاد کشمیر میں 14 کیسز سامنے آئے،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کیسز میں اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں عالمی وبا کے متاثرین کی تعداد 285 سے بڑھ کر 299 ہوگئی تاہم ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی خطرناک ہوتی صورتحال کے باوجود اس مرض سے صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 1070 افراد نے وائرس کو شکست دی۔مذکورہ اضافے کے بعد پاکستان میں عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار 128 سے بڑھ کر 33 ہزار 144ہوگئی۔