لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ نے لاک ڈائون کے باعث وکلا ء کے لیے امدادی رقم مختص نہ کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے احساس کفالت پروگرام پر سوال اٹھاتے ہوئے استفسارکیا ہے کہ کیا احساس پروگرام کو قانونی تحفظ حاصل ہے؟ ۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے لاہور ہائیکورٹ بار کی درخواست پر سماعت کی ۔دوران سماعت سرکاری افسر نے تسلیم کیا کہ
احساس کفالت پروگرام کو قانونی تحفظ حاصل نہیں جس پر فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ بغیر قانونی تحفظ کے کیسے کسی کو رقم دی جاسکتی ہے ؟۔کفالت پروگرام سے جواب مانگا تھا ،بینظیر انکم سپورٹ کا جواب آگیا ۔چیف جسٹس نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے سیکرٹری کو 6جون کو طلب کرلیا۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے وکلا ء کے لیے فنڈز مختص نہیں کیے۔انکم سپورٹ ایکٹ موجود ہے ادائیگیاں کفالت پروگرام کے تحت ہورہی ہیں ،احساس کفالت پروگرام کے تحت کس طرح ادائیگیاں ہو رہی ہیں؟ ،کیوں نہ اس کیس میں توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیں ۔ہائیکورٹ بار کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت حکومت کو وکلا ء کے لیے فنڈزمختص کرنے کا حکم جاری کرے ۔