ساہیوال (این این آئی)ساہیوال ڈویژن کے کسانوں نے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات پرعدم اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ساہیوال ڈویژن میں ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات مناسب نہیں۔ کسانوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 3 اضلاع میں ٹڈی دل سے نمٹنے کیلئے 250 لیٹر کیمیکل اسپرے فراہم کیا گیا ہے، ساہیوال، پاکپتن کیلئے100,100لیٹر جبکہ اوکاڑہ کیلئے
50 لیٹر اسپرے فراہم کیا گیا۔ٹڈی دل کے حملوں سے پریشان کاشتکاروں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مہیا کیا جانے والا 250 لیٹر اسپرے صرف 125 ایکڑ متاثرہ علاقے میں کیا جاسکے گا، ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہیں۔دوسری جانب زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کا خاتمہ صرف فضائی اسپرے سے ہی ممکن ہے۔