لاہور(این این آئی)سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک لے جانے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں اورای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے پر نواز شریف لندن روانہ ہو جائیں گے،
نواز شریف کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر ائیر ایمبولینس کے ذریعے لیجانے کے آپشن پر بھی غور کیا گیا اور اس حوالے سے قطر سے ائیر ایمبولینس منگوانے کیلئے بات چیت بھی کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان اور شریف میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹروں پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز بھی سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں اچانک کمی ہوئی ہے اور یہ تعداد18ہزار کی سطح پر آگئی ہے۔ ڈاکٹروں نے شہباز شریف اور مریم نواز سے گزشتہ روزبھی تفصیلی مشاورت کی اور نواز شریف کی صحت کے پیش نظر کمرشل،چارٹرڈ فلائٹ اور ائیر ایمبولینس کے آپشنز پر غور کیا گیا۔ ائیر ایمبولینس کے استعمال کی صورت میں قطر میں ائیر ایمبولینس کے حصول کے لئے بات چیت کر لی گئی ہے اورحتمی طو رپر طے ہونے کی صورت میں ائیر ایمبولینس فوری پاکستان پہنچ جائے گی۔ ذرائع کے مطابق شریف خاندان نے نواز شریف کو لندن لے جانے کیلئے اپنی طرف سے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں اورصرف ای سی ایل سے نام نکلنے کیلئے ضابطہ کی کارروائی مکمل ہونے کا انتظار کیا جارہا ہے۔