اسلام آباد (نیوز ڈیسک) والنٹیئر آرگنائزیشن برائے تعلیم و صحت VOICEH اور یو فون کے اشتراک سے امراض قلب کے بارے میں شعورو آگاہی کے لئے خصوصی تربیتی ورکشاپ یو فون ٹاور اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں ہیلتھ کنسلٹنٹ و ماہر امراض قلب ڈاکٹر مہدی حسن راجہ نےدل کے امراض کی
روک تھام کے جدید طریقوں اور بلخصوص دل کی بحالی کے طریقہ کار CPR کے بارے میں عملی تربیت دی ۔ تربیتی سیشن میں احمد اجمل ، عامر اشرف ، محمد بلال ، راحیل انجم ، فیصل سلمان اوریوفون کے ادارے کے دیگر سٹاف ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہدی حسن راجہ نے کہاکہ جدید لائف سٹائل دل کے امراض میں اضافے کا باعث بن رہا ہے اور جسمانی ورزش اور واک کی عادات نہ اپنانے سے بلند فشار خون اور شوگر کے امراض عام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کھانے پینے کی عادات میں تبدیلی لاکر دل کے امراض سے بچاو ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمباکو نوشی دل کے لئے زہر قاتل ہے جس سے دل کی بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے VOICEH کی چیئر پرسن سمیرا حنا مہدی نے کہاکہ عوامی سطح پر اچھی صحت ، تعلیم و تربیت کے لئے ضروری ہے کہ صحت مند طرز زندگی اپنائی جائے اور اس مقصد کے لئے کمیونٹی اور مختلف اداروں کی معاونت سے تربیتی پروگرام جاری ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر یو فون انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے جان بچانے میں معاون CPRسسٹم کے بارے میں آگاہی ورکشاپ میں بڑی تعداد کو تربیت فراہم کی گئی ۔