اسلام آباد (آئی این پی )اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو حکم دیا ہے کہ امریکی سفیر کرنل جوزف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں شامل کرنے کے بارے میں دو ہفتے میں فیصلہ کرے۔جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بنچ نے مقتول عتیق بیگ کے والد کی جانب سے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کی سماعت کی۔جسٹس عامر فاروق نے
مقتول عتیق کے والد کی جانب سے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے وزارت داخلہ کو کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے ہدایت جاری کر دی۔عدالت نے حکم دیا کہ وزارت داخلہ امریکی سفیر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے بارے میں 2ہفتے میں فیصلہ کرے۔گزشتہ سماعت کے دوران ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ کسی بھی شخص کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے بارے میں ایک کمیٹی بنی ہوئی ہے جس پر بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کمیٹی نہ کھیلیں اس طرح تو معاملہ کبھی بھی حل نہیں ہو گا۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایگزیکٹیو کا کام بھی اب عدلیہ کو ہی کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ یہ واقعہ سات اپریل کو پیش آیا تھا جب دارالحکومت میں دامنِ کوہ چوک پر امریکی سفارت خانے کے فوجی اتاشی کرنل جوزف نے اشارہ توڑ کر ایک پاکستانی طالب علم کی موٹرسائیکل کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں وہ طالب علم ہلاک اور اس کا ساتھی شدید زخمی ہو گیا تھا۔