ملتان(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ ن( آج) گیارہ مئی کو ملتان میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی،قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم میں منعقدہ جلسہ سے قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف اور مریم نوازشریف خطاب کریں گے،جلسہ کے حوالے سے تمامترتیاریاں وانتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،شہربھرکوبینرز،ہورڈنگزاورپارٹی پرچموں سے سجادیا گیا ہے جبکہ شہربھرکے چوکوں،چوراہوں اور داخلی راستوں پراستقبالیہ کیمپس لگائے گئے ہیں جن پرپارٹی ترانے بجائے جارہے ہیں۔جلسہ گاہ میں 50ہزارکے قریب
کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ لیگی رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ جلسے میں ملتان وجنوبی پنجاب بھر سے دولاکھ سے زائدافرادشریک ہوکرثابت کردیں گے کہ ملتان مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔یادرہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف آج پانچ سال بعدملتان میں عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے ،اس سے قبل گزشتہ عام انتخابات سے قبل انہوں نے ملتان کے سپورٹس گراونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کیا تھا،تاہم اب کی بار مسلم لیگ ن قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹڈیم گراونڈ میں جلسہ عام کا انعقاد کررہی ہے جہاں ماضی میں محترمہ فاطمہ جناح ،ذوالفقارعلی بھٹو،محترمہ بے نظیر بھٹو،چئیرمین تحریک انصاف عمران خان اور بلاول بھٹوزرداری جلسہ عام سے خطاب کرچکے ہیں،10اکتوبر2014کواسی اسٹڈیم میں تحریک انصاف کے جلسہ کے اختتام پر بھگڈر مچنے سے 7افرادجاں بحق اوردرجنوں زخمی ہوگئے تھے۔ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں نے جلسہ عام کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے ہیں۔جلسہ گاہ کے اندر اور باہرپولیس ،سپیشل برانچ کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے جبکہ پنڈال میں آنے والے شرکاء کی بھی جامہ تلاشی لی جائے گی۔دریں اثناء لیگی رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ نوازشریف کا ملتان جلسہ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑدے گا،خبررساں ادارے آئی این پی سے بات چیت کرتے ہوئے
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما وسابق ایم این اے شیخ طارق رشید نے کہا کہ قائد میاں نوازشریف عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں، نوازشریف کا جب بھی اشارہ ملا ،ہم ان کی ہرکال پرلبیک کہیں گے۔ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ قوم کے ہرفردکی آوازبن چکا ہے۔ کل کا ملتان جلسہ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑدے گا،اہلیان ملتان اپنے محبوب قائدمیاں نوازشریف اور محترمہ مریم نوازشریف کا فقیدالمثال استقبال کرکے ثابت کردیں گے کہ ملتان مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جلسہ عام میں ملتان شہرکی تمام یوسیز اوروارڈز سے سینکڑوں کی تعدادمیں قافلے ریلیوں کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔