ملتان(آئی این پی)بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے ایک بارپھرجنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کی تحریک چلانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہت جلد وسیب کی سرائیکی تنظیموں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرونگا‘ شہبازشریف کوچاہیے کہ وہ صوبے کے قیام کیلئے کمیشن قائم کریں‘ جنوبی پنجاب صوبہ یاانتظامی یونٹ قابل قبول نہیں ہوگا‘ مجھے ابھی تک نوازشریف کے ملتان میں جلسے کا دعوت نامہ نہیں ملا۔
لیکن میں جلسے کی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں‘پہلے بھی مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ تھا ‘آج بھی ان کے ساتھ ہوں‘ نواز شریف پر منی لانڈرنگ کے الزام پر چیئرمین نیب کومستعفی ہو جانا چاہیے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ میں نے ہمیشہ ایشوز کی سیاست کی ہے نیب کاادارہ عیب بن چکاہے جس کااحتساب ہوناچاہیے ایک معروف لیڈر پر4.5بلین ڈالر کی منی لانڈرنگ کابلاوجہ الزام لگایا ایسے حالات میں جسٹس(ر) جاوید اقبال کو چاہیے کہ وہ مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے کہاکہ ملتان نوازشریف کے جلسے کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں اور ہرمشکل وقت میں نوازشریف کاساتھ دیں گے۔ جنوبی پنجاب میں صوبہ محاذ کے لوگوں نے تحریک انصاف میں شامل ہوکر تباہی پھیلادی ہے میں گزشتہ 30سال سے علیحدہ صوبے کا حامی ہوں۔ کیونکہ کے صوبے کے قیام میں ہی ملک کی بقاہے اور اس وقت اگرچہ بہاولپور، ہزارہ، پوٹھوہاڑ میں صوبے کے قیام کی ڈیمانڈ کامطالبہ کیاجارہاہے لیکن پوری دنیامیں کہیں بھی 12کروڑ کا صوبہ نہیں ہوتا۔ میں صوبہ جنوبی پنجاب یا سرائیکی بنادیاجائے میں علیحدہ صوبے کے قیام کیلئے تحریک چلانے کاباضابطہ اعلان کررہاہوں اور مطالبہ کرتا ہوں کہ اس سلسلے میں کمیشن بنایاجائے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا وسیب آج بھی محرومیوں کا شکار ہے بے روزگاری ،پسماندگی ہمارامقدر بن چکی ہے ان حالات میں میرا یہ عزم ہے کہ میں جنوبی پنجاب میں صوبے کے قیام کی جدوجہد کی جنگ لڑوں گا اور جیت کردکھاؤں گا۔