کراچی (این این آئی)سپریم کورٹ نے پارکوں اور میدانوں پر قبضے اور سیاسی دفاتر، کشمیر روڈ سے شادی ہالز سمیت تمام غیر قانونی تعمیرات فوری گرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ شہر بھر کے پارکس اور کھیل کے میدان اصل شکل میں بحال کیئے جائیں۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے چائنہ گرانڈ ہوتا تھا ہم وہاں کرکٹ کھیلتے تھے۔
ہفتے کوسپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں پارکوں اور میدانوں پر قبضے اور سیاسی دفاتر گرانے سے متعلق سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ سپریم کورٹ نے شہر کے تمام پارکوں اور میدانوں سے تجاوزات، سیاسی دفاتر مسمار کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کشمیر روڈ سے شادی ہالز سمیت تمام غیر قانونی تعمیرات فوری گرانے کا بھی حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے ہدایت کی سوئمنگ پول، اسکواش، ٹینس کورٹس اور اسکیٹنگ رنگ کے سوا تمام تعمیرات مسمار کردیں۔ عدالت نے شاہراہ قائدین کے اختتام پر کھیل کا میدان فوری واگزار کرانے کا حکم جاری کردیا۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے وہ چائنا گراؤنڈ تھا ہم کرکٹ کھیلتے تھے وہاں۔ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ یہ فٹبال گراؤنڈ تھا اب پختہ عمارتیں بن گئی ہیں، فوری گرا دیں۔ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پی ای سی ایچ ایس میں نوخیز گراؤنڈ میں اب بھی سیاسی دفاتر ہیں مسمار کردیں۔ سپریم کورٹ نے شہر بھر کے پارکس اور کھیل کے میدان اصل شکل میں بحال کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے رفاعی پلاٹوں پر غیرقانونی تعمیرات برداشت نہیں کرسکتے۔