کراچی (آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ ملالہ یوسفزئی پاکستان کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ہیں ہمیں ان پر فخر ہے‘ پاکستان دنیا کی سیاست کا محور ہے‘ امریکہ تنزلی کی جانب جارہا ہے‘ امریکہ بہت بڑی ملٹری قوت ہے مگر اس کی معیشت اور سیاست گرتی جارہی ہے‘ ایشیاء کے لوگ خود اپنی قسمت کا فیصلہ کریں۔
جمعہ کو صنفی تصویر کشی سے ہٹ کر امید کی کرنیں کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی پاکستان کی ہیرو ہیں‘ کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پر ہمیں فخر ہے‘ پاکستان کی نوجوان نسل بہت زیادہ صلاحیت کی حامل ہے ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم کے وژن کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ مشاہد حسین نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر بھارتی جارحیت کا شکار رہے پاکستان دنیا کی سیاست کا محور ہے امریکہ تنزلی کی جانب جارہا ہے آج بھی امریکہ بہت بڑی ملٹری قوت ہے مگر اس کی معیشت اور سیاست گرتی جارہی ہے۔ قائد اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان دنیا کی عالمی سیاست کا محور بنے گا سی پیک کی صورت میں قائد اعظم محمد علی جناح کی بات درست ثابت ہورہی ہے اب وہ وقت آگیا ہے کہ ایشیاء کے لوگ خود اپنی قسمت کا فیصلہ کریں۔ اس وقت چار ممالک امریکہ کی جیب میں ان میں پاکستان‘ مصر‘ ترکی اور سعودی عرب شامل ہیں ۔ پاکستان کے تعلقات امریکہ کے ساتھ پہلے جیسے نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خطے میں کردار بہت اہم ہے ہم کبھی کبھی اپنے مفادات کو دیکھتے ہوئے اپنے فیصلے خود کرلیتے ہیں۔ آپ مصر ‘ ترکی اور سعودی عرب کے موجودہ دورے دیکھ لیں ترکی کے صدر اور سعودی عرب کے بادشاہ نے ماسکو کا دورہ کیا روس اب کلاشنکوف بنانے کی فیکٹری سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں لگا رہا ہے شمالی کوریا اب جنوبی کوریا سے مذاکرات کررہا ہے کس کی امریکی صدر نے ستائش کی ہے۔