اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف شیخ مجیب الرحمن کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے سے پہلے اس کی بیٹی اور بنگلہ دیش کی موجودہ وزیراعظم حسینہ واجد کا پاکستان دشمن کردار بھی سامنے رکھیں، حسینہ واجد جب سے وزیراعظم بنی ہیں بنگلہ دیش میں پاکستان کے حامیوں کو چن چن کر پھانسیاں دے رہی ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حسینہ واجد
نے ملکی اور عالمی قوانین کو بالائے طاق رکھ کر بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے امیر مولانا مطیع الرحمن نظامی، سیکرٹری جنرل علی احسن مجاہد، سیکرٹری اطلاعات عبدالقادر ملا، اسلامی ماہر معیشت میر محمد قاسم اور سابق سپیکر بنگلہ دیش اسمبلی فضل القادر چودھری کے صاحبزادے صلاح الدین عبدالقادر کو پھانسیاں دی ہیں، مولانا محمد اعظم کو نوے سال کی عمر میں نوے سال عمر قید کی سزا سنا دی گئی اور وہ جیل ہی میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی جانب سے شیخ مجیب الرحمن کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے سے یہ بات بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ نوازشریف نے بطور وزیراعظم کیوں ان پھانسیوں پر کوئی سخت ردعمل ظاہرنہیں کیا تھا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ شیخ مجیب الرحمن اب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں لیکن ان کی بیٹی پاکستان دشمنی میں اپنے باپ سے بھی آگے بڑھ چکی ہیں، نوازشریف شیخ مجیب الرحمن کی تعریف کے پردے میں حقیقتاً اس کی بیٹی حسینہ واجد کے پاکستان دشمن کردار کی تعریف کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے اور ہر پاکستانی کو ان کے ملک دشمن رویے سے سخت تکلیف پہنچی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نوازشریف شیخ مجیب الرحمن کو حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے سے پہلے اس کی بیٹی اور بنگلہ دیش کی موجودہ وزیراعظم حسینہ واجد کا پاکستان دشمن کردار بھی سامنے رکھیں، حسینہ واجد جب سے وزیراعظم بنی ہیں بنگلہ دیش میں پاکستان کے حامیوں کو چن چن کر پھانسیاں دے رہی ہیں۔