لاہور/اسلام آباد(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ اس بات کا تعین کرے گا کہ پاکستان کا مستقبل کیا ہو گا، یا تو کرپٹ اور سسیلین مافیا پاکستان کے عوام پر راج کرے گی یا پھر سپریم کورٹ بیس کروڑ عوام کیلئے روڈ میپ دے گی۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ نااہلیت سے بچنے کیلئے مختلف سروسز کے ریٹائرڈ افسروں اور دانشوروں کو ٹاسک دے دیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے شریف خاندان نے تجوریوں کے منہ کھول دئیے ہیں۔
لیکن شریف خاندان کی دولت کو جے آئی ٹی کے بہادر سپوتوں نے جس طرح ٹھکرا دیا انشاء اللہ آئندہ بھی ان کی دولت ان کو نہیں بچا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں کیونکہ پاکستان کے مستقبل کا دارومدار ملک کی سب سے بڑی عدالت کے فیصلہ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی حب الوطنی کا یہ عالم ہے کہ جوں جوں پانامہ کیس کا فیصلہ قریب آتا جا رہا ہے ہر روز ایک وزیر کا اقامہ سامنے آ رہا ہے۔