اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے باوجود بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے سکھ مذہب کے بانی و روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 548ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے 3316 سکھ زائرین کوویزے جاری کردیئے۔جمعرات کو بھارتی میڈیاکے مطابق بابا گورونانک کے 548ویں جنم دن کی تقریبات (کل )12نومبر سے شروع ہوں گی جس کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن نے 3316 سکھ زائرین کوویزے جاری کردیئے ہیں۔بابا گرو نانک دیو کے جنم دن کی تقریبات 12سے 21نومبر تک جاری رہیں گی۔پاکستان نے سکھوں کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔14نومبر کو ہزاروں سکھ یاتری گورودوارہ ننکانہ صاحب سے گوروگرنتھ کا جلوس نکالیں گے جو شہر میں ساتوں گورودواروں میں یاترا کیلئے جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی عروج پر ہے اور بھارت آئے روز ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے لیکن ان حالات میں بھی پاکستان کا بڑی تعداد میں بھارتیوں کو ویزے جاری کرنا پاکستان کی خطے میں امن و امان کی خواہش کو اجاگر کرتا ہے۔