اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پر کے پی کے میں مدرسوں سے مدد طلب کرنے کی بات بغیر کسی ثبوت کے نہیں کی ، اسلام آباد کی حفاظت کے لئے تمام انتظامی اقدامات کریں گے، 2 نومبر پر امن گزرے گا ۔وہ بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ 2014 میں دھرنے میں شامل جہادی تنظیم کے لوگوں نے وزیر اعظم ہاؤس پر حملہ کیا ۔حملے کرنے والے تحریک انصاف کے باقاعدہ کارکن نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 2 نومبر پر امن گزرے گا ۔ تحریک انصاف نے اسلام آباد میں انتشار پھیلانے کے لئے جہادی تنظیموں سے مدد طلب کی ہوئی ہے ۔ اسلام آباد کی حفاظت کے لئے تمام انتظامی اقدامات کریں گے۔ پورے پاکستان میں قانون پر عملدرآمد یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ حکومت اپنی ذمہ داری پوری طرح نبھائے گی ۔ تحریک انصاف پر کے پی کے میں مدرسوں سے انفرادی قوت طلب کرنے کے بیان کے حوالے سے سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف پر کے پی کے میں مدرسوں سے مدد طلب کرنے کی بات بغیر کسی ثبوت کے نہیں کی ۔