اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سی پیک کا معاملہ ایسٹ انڈیا کمپنی بنتا جارہاہے،انہوں نے یہ ریمارکس گزشتہ روز پبلک اکائونٹس کمیٹی کے اجلاس میں دئیے جب ایوان پاکستان سٹیل ملز کے معاملے کا جائزہ لے رہا تھا اور سیکرٹری وزارت صنعت نے کہاکہ سٹیل ملز مکمل طور پر بند ہے جبکہ پاکستان میں نجی شعبے میں کام کرنے والی پچاس فیصد سٹیل ملیں بھی بند ہوگئی ہیں کیونکہ سٹیل چین سے درآمد ہورہاہے۔ اس پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سی پیک کا معاملہ بھی ایسٹ انڈیا کمپنی بنتا جارہاہے،جبکہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےچیئرمین سینٹ قائمہ کمیٹی منصوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات طاہر مشہدی نے کہ کہ چین پاکستان کا عظیم دوست ہے اور پاک چین دوستی شکوک و شہبات سے بالاتر ہے۔ 46ارب ڈالر کے پاک چین اقتصادی راہداری سے پورے خطے میں تبدیلی آئے گی تاہم ہمیں اس بات کا خیال رکھنا ہوگا کہ سی پیک کہیں ایسٹ انڈیا کمپنی نہ بن جائے۔