کراچی (این این آئی) کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سلام شہداء ریلی کے باعث شہر کے مختلف مقامات کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔ راستے بند ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ متبادل راستوں پر بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ راستے بند ہونے سے 3 مریض جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو کراچی میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سلام شہداء ریلی کے موقع پر شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا۔ راستے بند ہونے کے باعث باعث کئی ایمبولینسیں پھنس گئیں۔ 3 مریض راستے میں دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں شہریار، حسن اور سوسن مائیکل شامل ہیں۔ شہریار اور حسن کو جناح اسپتال لایا گیا تھا جبکہ سوسن مائیکل کو امراض قلب کے اسپتال میں لایا گیا۔ پولیس کے مطابق کنٹینر لگا کر عوام کی سیکورٹی کے لئے انتظام کیا گیا ہے تاہم شہریوں کا کہنا تھا کہ کنٹینرز لگانے سے ان کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے دفاتر اور اسکول کالجز وجامعات جانے والے افراد کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔