اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کے بعد فوری رہائی اور راؤ انوار کے معطل کئے جانے کے بارے میں اصل حقائق بالآخر منظر عام پر آ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خواجہ اظہار الحسن کو گرفتار کرنے والے راؤ انوار کو معطل کرنے کی اصل وجہ سینیئر صحافی سمیع ابراہیم نے اپنے بلاگ میں حقائق بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ راؤ انوار سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خاص آدمی ہیں۔ اس کے علاوہ رینجرز کی جانب سے پنجاب میں ممکنہ آپریشن اور اس میں اہم ن لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کے خطرات سے نمٹنے کے لئے وزیراعظٖم نے وزیر اعلیٰ سندھ کو فوری طور ٹیلی فون کال کر کے راؤ انوار کو معطل کرنے اور خواجہ اظہار کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
جبکہ دوسری جانب ایم کیوایم کی جانب سے سینیٹ ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی سے فوری طور پر استعفے دینے کی دھمکی بھی دی گئی تھی جس کے باعث وزیراعظم پر دباؤ بڑھ گیا جس کے بعد فوری طور پر نواز شریف نے راؤ انوار کو معطل اور خواجہ اظہار کو رہا کرنے کے احکامات جاری کئے ۔