اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پرویز القادر میمن نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف عبدالرشید غازی قتل کیس میں دائمی وارنٹ گرفتاری اور ملزم کی جائیداد ضبط کر کے نیلام کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ ایڈیشنل سیشن جج پرویز القادر میمن نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی جائیداد قرق کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ایک صفحے پر مشتمل تحریری فیصلے میں ملزم پرویز مشرف کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کو داخل دفتر کرنے کا حکم سنایا گیا ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کی گرفتاری کے بعد قتل کے مقدمہ کو دوبارہ سماعت کے لئے لگایا جائے گا۔ تحریری فیصلے میں اشتہاری ملزم پرویز مشرف کی جائیداد ضبط کر کے نیلام کرنے کی کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے جبکہ پرویز مشرف کو ضمانت پر رہا کرانے کے لیے جمع کرائے گئے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کو بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔