اسلام آباد (این این آئی)چالیس ہزار غیرقانونی پاسپورٹ بلاک کئے گئے،وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے شروع کئے گئے نیشنل ایکشن پلان کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی کی دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نفرت انگیز تقاریر ، لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال اور دہشت گردی کے واقعات میں دیگر عناصر سمیت کئی لوگوں کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔دس کروڑ 50 لاکھ موبائل سمیں بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے رجسٹر کی گئیں، چالیس ہزار غیرقانونی پاسپورٹ بلاک کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں اور اس لعنت کے ملک سے مکمل خاتمہ کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پالیسیاں اورحکمت عملی کی سمت درست ہے۔