اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد پولیس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر دہشتگردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے خصوصی سکیورٹی پلان جاری کردیا۔796 مقامات پر 3 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ پیٹرولنگ کے لئے 100 گاڑیاں اور ایمرجنسی کی صورت میں پولیس موبائل ریزرو رہیں گی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی ساجد کیانی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر دہشتگردی سمیت کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سکیورٹی کا خصوصی پلان جاری کر دیا۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔عیدالاضحیٰ کے موقع پر 796 مختلف مقامات پر جن میں عیدگاہوں ، امام بارگاہوں ، تفریحی مقامات ، شاپنگ سنٹر پر تین ہزار پولیس اور رینجرز کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ فیصل مسجد میں عید کے اجتماع کے لئے سکیورٹی کے خصوصی پٹرولنگ کے لئے 100 گاڑیاں مسلسل پیٹرولنگ پر معمور ہیں گی اور ایمرجنسی کی صورت میں پولیس موبائل ریزرو تیار رہیں گی۔