اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا پر ہونے والی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے اور صارفین کے حقوق کے سماجی تحفظ کے لئے بنائے گئے سائبر کرائم بل پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے کچھ عرصہ قبل منظور کئے گئے سائبر کرائم بل پر عملدرآمد سے متعلق امور اور اس سلسلے میں کوئی واضح لائحہ عمل طے کرنے کے لئے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے ۔ جس میں سوشل میڈیا پر ہونے والی غیر اخلاقی سرگرمیوں ، سائبر کرائمز کی صورتحال اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والے صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لئے بنائے گئےبل پر عملدرآمد کے لئے کوئی اتھارٹی بنائے جانے کا امکان ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دیامر بھاشا ڈیم منصوبے کی توسیع کے حوالے سے بنائے گئی رپورٹ بھی منظوری کے لئے پیش کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بھی جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا صارفین کو کنٹرول کرنے اور صارفین کے سماجی تحفظ کو یقینی بنائے جانے کے لئے موجودہ حکومت نے سائبر کرائم بل پیش کیا تھا مگر اس پر عملدرآمد کرنے کے لئے اس وقت تک ملک میں کوئی باقاعدہ ادارہ یا اتھارٹی موجود ہی نہیں ہے جس پر غور کرنے کے لئے بالآخر وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعے کو بلا لیا گیا ہے ۔