کراچی (این این آئی) تحریک انصاف کامنگل کو نشتر پارک میں ہونے والا جلسہ انتہائی ناکام رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جلسہ گاہ میں 50 فیصد حصہ مکمل طور پر خالی رہا جبکہ 50 فیصد حصے میں اسٹیج، میڈیا کی گاڑیاں اور دیگر تمام لوازمات کا انتظام کیا گیا تھا۔ تحریک انصاف کے دعوے کے مطابق جلسہ گاہ میں 15 ہزار کرسیاں لگائی گئی تھیں جبکہ بعض منتظمین کے مطابق یہ تعداد 3 ہزار کے قریب ہے۔ مبصرین کے مطابق جلسے کے شرکاء کی مجموعی تعداد 5 سے 7 ہزار تھی جبکہ تحریک انصاف کے جلسوں کی زینت بننے والی خواتین نہ ہونے کے برابر تھیں۔ ان کے لئے مختص حصہ مکمل طور پر خالی رہا اور چند درجن کے قریب خواتین موجود تھیں۔ ان کو اسٹیج کے سامنے بیٹھنے کی اجازت دے دی گئی۔