کراچی (این این آئی) کراچی کے مختلف علاقوں میں بدلہ گروپ کی پراسراروال چاکنگ کے بعد پیر کو سندھ ہائی کورٹ کے باہر ’’جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حق دار ہے‘‘ کے بینرز کے آویزاں کردیئے گئے ،جنہیں پولیس کی جانب سے ہٹادیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق 22دسمبر کو بانی ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقاریر اور نعروں کے بعد سے پیدا ہونے والی صورت حال تاحال معمول پر نہیں آسکی ہے اور اس حوالے سے مختلف واقعات سامنے آرہے ہیں ۔چند روز قبل پی آئی بی کالونی کے علاقے میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز کے قریب نامعلوم بدلہ گروپ کی جانب سے چاکنگ کی گئی ،جس میں ایم کیو ایم کے بانی کی سالگرہ کی تاریخ کا خصوصی طور پر حوالہ دیا گیا تھا ۔بعدازاں بدلہ گروپ کی چاکنگ کا سلسلہ شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی شروع کردیا گیا تھا ۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ کے باہر نامعلوم افرادنے ’’جو قائد کا غدار ہے وہ موت کا حق دار ہے ‘‘ کے بینرز آویزاں کردیئے ۔بینرز لگانے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری سندھ ہائی کورٹ کے باہر پہنچ گئی اور بینرز اتارکر اپنے قبضے میں لے لیے ۔واضح رہے کہ جانشین الطاف نامی نامی تنظیم کی جانب سے لگائے گئے ان بینرز نے شہریوں کو ایک مرتبہ پھر 1992کی یاد دلادی ہے جب شہر کے مختلف علاقوں میں اس ہی نعرے کی چاکنگ کی گئی تھی ۔