اسلام آباد(آن لائن+مانیٹرنگ ڈیسک)این اے63 جہلم ،بچھائے گئے جال میں ’’پنچھی‘‘ کے پھنسنے کے بعد تحریک انصاف نے آخری ’’ڈوز‘‘بھی دیدی، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فواد چوہدری نے این اے63 جہلم کے انتخابی نتائج کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کر دیا ہے، الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے درخواست کے مطابق47پولنگ اسٹیشنوں کے پولنگ بیگز غیر محفوظ ہاتھوں میں تھے، الیکشن کمیشن کے ریٹرننگ آفیسر اور عملے نے اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے نہیں نبھائی ہیں، واضح رہے کہ این اے63جہلم کے ضمنی انتخابات ملسم لیگ(ن) کے امیدوار راجا مطلوب نے کامیابی حاصل کی تھی۔گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 63 جہلم سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار فواد چوہدری نے انکشاف کیا تھاکہ اس حلقے کے الیکشن کیلئے ہم نے پہلے سے ہی تیاری کررکھی تھی اور سرکاری اہلکاروں ،ڈی سی او سمیت مختلف ویڈیوز بنالی گئی ہیں یہاں تک کہ ہر یونین کونسل میں پچاس پچاس لاکھ روپے اور ہر کونسلر کو پچیس پچیس لاکھ روپے دیئے گئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی تحریک انصاف سب سامنے لائے گی ، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے سرکاری وسائل اور پیسے کابے دریغ استعمال کیا جس کی ویڈیوز بنالی گئی ہیں انہوں نے بتایا کہ یہ الیکشن صرف اس لئے لڑاگیا کہ کوئی بھی سیاستدان الیکشن سے پیچھے نہیں ہٹتا مگر اس کے پس پردہ مقاصد ان مذموم ہتھکنڈوں کو سامنے لانا تھا جو الیکشن جیتنے کے لئے استعمال کئے گئے۔